آ گرہ:21/جولائی(ایس او نیوز/ائی این ایس انڈیا)ہندی فلموں کے مشہور نغمہ نگار ، ہندی اور اُردو ادب کی معروف شخصیت پدم بھوشن گوپال داس نیرج کا جمعرات کے روز دہلی کے اسپتال میں انتقال ہو گیا ، اُن کی لاش ہفتہ کے روز تاج نگری واقع بلکیشور میں اُن کی اہلیہ منورما کی رہائش پر عوام کے لئے خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے رکھی گئی تھی ۔ آنجہانی نیرج کی آ خری رسومات کی ادائیگی علی گڈھ میں طے پائی گئی تھی ۔ اسی کو ذہن میں رکھتے نعش کے آنے سے قبل ہی شہر کا ہر خاص وعام اُن کے انتظار میں بلکیشور کی سڑ ک پر موجود تھا۔ آنجہانی نیرج کی لاش تاج نگری میں آنے کے بعد ہر خاص وعام نے خراج عقیدت پیش کیا ، سماج وادی پارٹی قومی صدر اور سابق وزیراعلی اکھلیش یادو نے صبح ۱۰ بجے بلکیشورپہنچ کر نیرج کو خیراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گل پوشی کی۔ اس موقع پر اکھلیش یادو نے کہا کہ نیرج جی اپنے نغموں اور ادبی خدمات کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ سماج وادی سربراہ نے کہا کہ جب اُترپردیش میں ہماری حکومت تشکیل ہوگی تو اٹاوہ میں نیرج کی یاد میں ایک یادگار عمارت تعمیر کی جائے گی ۔ مشہور شاعر کمار وشواس نے کہا کہ نیرج کے نغمہ آج بھی مقبول ہیں اور ہمیشہ مقبول ر ہیں گے۔ اُن کے نغموں کے قدردانوں میں نہروجی ، اٹل جی ، دیوانند ، راج کپور شامل تھے۔ضلع کلکٹر این جی روی کمار، ایس ایس پی امت پاتھک،کے ساتھ شہر کی معروف شخصیات نے نیرج کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد ۱۱ بجے مرحوم کی آخری رسم ادائیگی کے لئے مردہ جسم کو علی گڈھ پھولوں سے سجی گاڑی میں لے جایا گیا جہاں اُن کی لاش کو عوام کے لئے دیدار کے لیے میدان میں رکھا گیا ، اس کے بعد اُن کی آخری رسومات ادا کی گئی ۔